اسرائیل کا بیروت پر فضائی حملہ میں حزب اللہ کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اسرائیل نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات پر دوسری بار فضائی حملے میں مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے اہم کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے آج دوسری بار بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کا ہدف حزب اللہ کی رضوان فورس کے کمانڈر مالک بالو تھے۔
ادھر، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی حملے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے فوج کو اس کارروائی کی ہدایت دی تھی۔
نیتن یاہو نے ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ رضوان فورس اسرائیلی علاقوں پر فائرنگ اور اسرائیلی دفاعی افواج کے فوجیوں کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں، کسی بھی دہشتگرد کو استثنیٰ حاصل نہیں ہے اسرائیل کا طویل ہاتھ ہر دشمن اور قاتل کو پکڑ لے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شمال کے رہائشیوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، ہم ایسا ہی کر رہے ہیں اور ایسا ہی کرتے رہیں گے۔



