میکے جانے کی بھی اجازت لینی پڑے گی‘دلہن آبدیدہ ہوگئی

نیودہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں دلہن اسٹیج پر یہ کہتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی کہ اب میکے جانے کی بھی اجازت لینی پڑے گی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دلہن شادی کی رسم کے دوران روتے ہوئے یہ سوال کررہی ہے کہ کیا اسے اپنے گھر (میکے) جانے کے لیے اجازت لینی پڑے گی۔
اس جذباتی منظر نے شادی میں موجود تمام لوگوں کی آنکھیں نم کردیں۔
وائرل ویڈیو کو اب تک کروڑوں ویوز، لاکھوں لائیکس حاصل ہوچکے ہیں جبکہ لوگ اس پر تبصرے بھی کررہے ہیں۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں خاتون نے اس رسم کے بارے میں تفصیلی نوٹ شیئر کیا جس میں روایتی طور پر خواتین شادی کے بعد شوہر کے گھر منتقل ہوجاتی ہیں اور ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ میکے جانے کے لیے اجازت لیں۔
خاتون نے لکھا کہ لوگ اکثر کہتے ہیں کہ شادی کے بعد عورت کا گھر اس کے شوہر کا گھر ہوتا ہے لیکن میں اس سے مکمل اتفاق نہیں کرتی، وہ گھر جہاں میں پیدا ہوئی، جہاں پلی بڑھی، جہاں میری ابتدائی یادیں، میری شناخت، میرا سکون وابستہ ہے، وہ میرا گھر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
انہوں نے لکھا کہ وہ زندگی جو میں اب شروع کرنے جارہی ہوں اور وہ رشتے جنہیں میں پروان چڑھا رہی ہوں، وہ بھی میرا گھر ہے لیکن ایک گھر دوسرے گھر کی اہمیت ختم نہیں کرتا۔
خاتون نے کہا کہ میرے لیے بچپن کا گھر ماضی کی کوئی جگہ نہیں ہے، یہ میری ذات کا حصہ ہے اور مجھے وہاں جانے کے لیے کبھی کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے، وہ میرا گھر ہے اور میں جب چاہوں وہاں جاسکتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے شادی کی رسومات کا ایک لمحہ یاد ہے جب پھیروں کے دوران پنڈت نے کہا تھا کہ شادی کے بعد میکے جانے کے لیے سسرال والوں سے اجازت لینا پڑسکتی ہے، میں نے اسی وقت پوچھا ’تو کیا اب مجھے اپنے ہی گھر جانے کے لیے اجازت مانگنی پڑے گی؟ اس دوران شوہر نے دھیرے سے میرے کان میں کہا کہ وہ تمہارا گھر ہے تم جب چاہو وہاں جاسکتی ہو۔
وائرل ویڈیو نے انٹرنیٹ پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں بہت سی خواتین نے ایسی رسومات پر تنقید کی ہے جبکہ دیگر نے دلہن کے اس جذباتی لمحے پر ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔



