صدر آصف زرداری سے گورنر بلوچستان کی ملاقات، صوبے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی پیشرفت اور گورننس سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے مربوط اور مسلسل اقدامات ناگزیر ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کی ترقی ملک کی مجموعی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل اور امن و استحکام کے لیے اداروں کے درمیان بہتر رابطہ اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔



