فرانس نے طیارہ بردار بحری جہاز آبنائے ہرمز کے قریب تعیناتی کیلئے روانہ کر دیا

پیرس(جانوڈاٹ پی کے)فرانس نے اپنے طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈیگال کو ممکنہ طور پر آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت بحال کرنے کے مشن کے لیے جنوبی بحیرہ احمر کی جانب روانہ کر دیا۔
فرانسیسی وزارت دفاع کے مطابق فرانسیسی بحریہ کا فلیگ شپ جہاز اپنے ہمراہ جنگی جہازوں کے ساتھ نہر سویز عبور کرتے ہوئے جنوبی بحیرہ احمر کی جانب بڑھ رہا ہے۔
فرانسیسی صدارتی دفتر نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ ’فرانس اور اس کے شراکت دار نہ صرف آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے تیار ہیں بلکہ اس کی مکمل صلاحیت بھی رکھتے ہیں‘۔
صدارتی دفتر نے مزید کہا کہ فرانس چاہتا ہے کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات سے الگ رکھا جائے۔
وزارت دفاع کے مطابق اس پیشگی تعیناتی کا مقصد یہ ہے کہ ’جیسے ہی حالات اجازت دیں، اس اقدام پر عمل درآمد کے لیے درکار وقت کم سے کم ہو‘۔
چارلس ڈیگال طیارہ بردار بحری جہاز تقریباً 20 رافیل جنگی طیارے لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس کے ساتھ کئی جنگی فریگیٹس بھی موجود ہیں۔



