پنجاب جنرل انشورنس کمپنی متعارف کروانے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب جنرل انشورنس کمپنی متعارف کروانے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا۔پنجاب لائف انشورنس کمپنی نے ایس ای سی پی سے ملکی تاریخ کی تیز ترین رجسٹریشن کااعزاز بھی حاصل کر لیا۔پنجاب لائف انشورنس کمپنی خصوصی انشورنس پلانز کےذریعے پنجاب کے ہر طبقہ فکراورہر معاشی سطح کے شہری کو تحفظ فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے قیام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب لائف انشورنس کمپنی اور پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی، پنجاب جنرل انشورنس کمپنی محکمہ خزانہ کے زیرِ نگرانی تمام سرکاری اداروں کی ‘نان لائف’ انشورنس کی ذمہ دار ہوگی، کمپنی کیلئےچیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکریٹری فنانس،اورصدر پنجاب بینک پر مشتمل بورڈ قائم ہوگا۔
پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے قیام کیلئے سمری صوبائی کابینہ کو ارسال کردی گئی،وزیراعلیٰ مریم نواز نے انشورنس پلان میں نجی سیکٹرکو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے پنجاب لائف اور جنرل انشورنس کمپنی کے بزنس پلان اور تیز ترین منظوری کے عمل کو سراہا۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اصلاحات میں پہلے بھی آگے تھا، آج بھی آگے ہے اور انشااللہ ہمیشہ آگے رہے گا، ایسی ہیلتھ انشورنس پالیسی لائیں گے کہ جس کا جہاں سے دل کرے اپنا علاج کروا سکے۔ دنیا بھر میں انشورنس سیکٹر ترقی کر رہا ہے، ہمیں دنیا کے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے۔



