پی آئی اےکو نئے مالکان کے حوالے کرنےکی تاریخ سامنے آگئی

اسلام (جانوڈاٹ پی کے)قومی ائیرلائن پی آئی اے کو نئے مالکان کے حوالے کرنے کی تاریخ سامنے آگئی، حکومت پی آئی اے کی ملکیت رواں ماہ ہی عارف حبیب کنسورشیم کو منتقل کردےگی، اس بارے میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کرآگاہ کردیا ہے۔
پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط کے مطابق پی آئی اے کو 25 مئی تک عارف حبیب کنسورشیم کے حوالے کردیا جائے گا۔ اس بارے میں نجکاری کمیشن فرسٹ کلوزنگ ڈیٹ کا اعلان کرے گا۔ خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی خرید لیے ہیں۔
خط کے مطابق پی آئی اے کی منتقلی معاہدے کی کنڈیشن پریسڈینٹ پر عمل درآمد سے مشروط ہے۔ نجکاری کمیشن کو معاہدے کی کنڈیشن پریسڈینٹ پر عمل کرانا ہے۔ عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کو 180 ارب روپے میں خریدا ہے۔ اس میں 55 ارب روپے حکومت کو ملیں گےجب کہ 125 ارب روپے پی آئی اے میں فریش ایکویٹی کے طور پر ری انویسٹ ہو جائیں گے۔
معاہدے کے تحت نئی انتظامیہ ایک سال تک پی آئی اے کے کسی ملازم کو فارغ نہیں کرسکےگی۔
پی آئی اے کے اہم بورڈ اجلاس کی تاریخ اور ایجنڈے میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور اب پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس جمعہ 8 مئی کو اسلام آباد میں ہوگا۔
پہلے پی آئی اے کا بورڈ اجلاس 30 اپریل کوطلب کیا گیا تھا۔ پہلے والے بورڈ اجلاس سے 2025 کے 9 ماہ کے حسابات کے جائزے کو ایجنڈے سے نکال دیا گیا تھا۔ اب 8 مئی کو ہونے والے بورڈ اجلاس میں 2025 کے 9 ماہ کے حسابات کے جائزے کو ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 2025 کے مالی حسابات کی منظوری پی آئی اے کی نجکاری کی تکمیل کے لیے ضروری ہے۔



