بھارت میں برڈ فلو، چکن اور انڈوں کی فروخت بند، 44 ہزار پرندے تلف، پولٹری انڈسٹری کو کروڑوں کا نقصان

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں برڈ فلو کی حالیہ صورتحال کے بعد چکن اور انڈوں کی فروخت اچانک بند کردی گئی دو دن میں 44 ہزار پرندے تلف جبکہ کروڑوں مالیت کے نقصان سے پولٹری انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

بھارت کے ضلع نواپور میں برڈ فلو کے تیزی سے پھیلاؤ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے برڈ فلو کا ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے چکن، انڈوں اور متعلقہ اشیاء کی فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔

اس اچانک فیصلے نے نہ صرف شہریوں بلکہ پولٹری انڈسٹری سے وابستہ افراد کو بھی شدید تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف دو روز کے اندر تقریباً 44 ہزار پرندوں کو تلف کیا جاچکا ہے، جبکہ ایک لاکھ 40 ہزار مرغیوں کو ہلاک کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہوچکے تھے۔

انتظامیہ نے شہر بھر کے چکن شاپس، بریانی سینٹرز اور انڈوں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، اور واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب اس بحران سے مقامی معیشت کو شدید دھچکا پہنچا ہے، ایک اندازے کے مطابق پولٹری صنعت کو یومیہ تقریباً 50 لاکھ روپے نقصان کا سامنا ہے، جبکہ 20 ہزار انڈے اور 44 ٹن جانوروں کا چارہ ضائع ہوچکا ہے۔ کاروباری طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے اور متعدد افراد کے روزگار خطرے میں پڑگئے ہیں۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، تاہم شہریوں کے تعاون کو بھی نہایت اہم قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button