مدارس کیخلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے، مولانا عبدالغفور حیدری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں مدارس کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے اور ہر محاذ پر بھرپور مزاحمت کریں گے۔
مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے حکومت بلوچستان کے رویے پر سخت ردعمل میں انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، ورنہ نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے، مدارس کو بند کرنے یا دباؤ میں لانے کا خواب دیکھنے والے سن لیں، یہ کبھی پورا نہیں ہوگا، جمعیت علمائے اسلام ہر قیمت پر دینی مدارس کا تحفظ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں مدارس کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے اور ہر محاذ پر بھرپور مزاحمت کریں گے، دینی مدارس ہمارے لیے ریڈ لائن ہیں اگر کسی نے اس ریڈ لائن کو عبور کرنے کی کوشش کی تو اسے سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ مدارس کے خلاف اٹھنے والی ہر سازش کو ہم نے ناکام بنایا، آئندہ بھی کسی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت اور انتظامیہ جان بوجھ کر غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ خبردار رہے، ریاست کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنے سے باز رہے، ورنہ حالات کی تمام تر ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔



