لارنس بشنوئی پر مبنی سیریز ’لارنس آف پنجاب‘ کی ریلیز روک دی گئی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی وڈ شخصیات کیلیے خطرہ سمجھے جانے والے گینگسٹر لارنس بشنوئی کی زندگی پر مبنی سیریز ’لارنس آف پنجاب‘ کی ریلیز اچانک روک دی گئی۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق او ٹی ٹی پر نشر ہونے والی کرائم ڈوکیو سیریز کی ریلیز امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے خدشات کے پیش نظر روک دی گئی۔

’لارنس آف پنجاب‘ نامی یہ سیریز بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی زندگی پر مبنی ہے جسے 27 اپریل کو ریلیز کیا جانا تھا، مگر حکومت نے پلیٹ فارم کو مشورہ دیا کہ فی الحال اسے روک دے۔

بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے پنجاب پولیس کی وارننگ کے بعد یہ اقدام اٹھایا۔ پولیس کو خدشہ تھا کہ سیریز کی وجہ سے کشیدگی بڑھ سکتی ہے اور امن و امان کی صورتحال پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پیشرفت پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڑنگ کی جانب سے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کے ایک دن بعد سامنے آئی۔

ان کا موقف تھا کہ یہ سیریز گینگسٹر کلچر کو فروغ اور نوجوان نسل کو غلط پیغام دے سکتی ہے۔

عدالت میں سرکاری وکلاء نے بتایا کہ ایسے مواد سے پرہیز کیا جائے جو منظم جرائم کو گلیمرائز یا رومانوی رنگ میں پیش کرے۔

مزید خبریں

Back to top button