بھارت میں افسوسناک واقعہ، شوہر نے ساڑھی نہ پہننے پر بیوی کو آگ لگا دی

کرناٹک (جانوڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست کرناٹک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شوہر نے محض ساڑھی نہ پہننے پر بیوی کو آگ لگا کر شدید زخمی کر دیا۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ بیلگاوی ضلع میں ایک 34 سالہ شخص نے اپنی بیوی کو ساڑھی کے بجائے کوئی اور لباس پہننے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے آگ لگائی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ تحصیل خاناپور کے گاؤں نند گڑھ میں پیش آیا، ملزم کی شناخت کرشنا پاٹل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ متاثرہ بیوی کی شناخت 32 سالہ منجولا پاٹل کے نام سے ہوئی۔

میاں بیوی میں کپڑوں کو لے کر اکثر جھگڑا ہوتا تھا۔ دونوں کے درمیان حالیہ تکرار ہوئی جس کے دوران ملزم نے بیوی پر مٹی کا تیل چھڑک کر اسے آگ لگائی۔

پولیس حکام کے مطابق خاتون کا جسم تقریباً 80 فیصد جھلس چکا ہے اور انہیں ابتدائی طور پر بیلگاوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کروایا گیا، حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں گوا کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

نند گڑھ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button