اختیارات کے ناجائز استعمال اور ہراسانی کیس میں ڈی ایس پی برطرف

لاہور (ویب ڈیسک) اختیارات کے ناجائز استعمال اور خاتون سے مبینہ ناجائز تعلقات کے الزام میں ڈی ایس پی حسن کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈی ایس پی پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک مقدمے کی درخواست دہندہ خاتون (س) کو کیس حل کروانے کا لالچ دے کر دورانِ تفتیش مبینہ طور پر ناجائز تعلقات قائم کیے اور متعدد بار نجی ملاقاتیں بھی کیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2023 میں خاتون نے ہراسانی کی درخواست دی تھی، جس پر ابتدائی انکوائری میں معمولی سزا تجویز ہوئی، تاہم بعد ازاں ازسرنو تحقیقات میں الزامات سنگین ثابت ہوئے۔
مزید تحقیقات ایڈیشنل آئی جیز محمد ادریس اور عمران محمود کے سامنے پیش کی گئیں، جہاں ڈی ایس پی اپنی صفائی پیش کرنے میں ناکام رہے۔
بعد ازاں دونوں انکوائری افسران نے برطرفی کی سفارش کی، جس کے بعد آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تین مختلف انکوائریز کی روشنی میں ڈی ایس پی کو نوکری سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
ذرائع کے مطابق برطرف اہلکار نے اس فیصلے کے خلاف محکمہ داخلہ میں اپیل دائر کر دی ہے۔



