"بہت بے آبروہو کر ترے کوچے سے ہم نکلے”ٹرمپ کا جنگ ختم کرنے کا اعلان

واشنگٹن/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کی جنگ سے بغیر کسی بڑے نتیجے کے نکلنے کا اشارہ دے دیا ہے۔ اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکی افواج آئندہ دو سے تین ہفتوں میں جنگ ختم کر کے واپس آ جائیں گی، چاہے ایران کے ساتھ کوئی باقاعدہ ڈیل ہو یا نہ ہو۔ ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ امریکہ نے اپنے بنیادی مقاصد حاصل کر لیے ہیں ، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کسی بھی ٹھوس کامیابی کے بغیر اس مہنگی جنگ سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے نیٹو کو ایک مردہ گھوڑا قرار دیتے ہوئے اس اتحاد سے علیحدگی پر سنجیدگی سے غور کرنے کا بیان دیا ہے جبکہ امریکہ کے اس اچانک فیصلے نے اسرائیل کو مشکل صورتحال میں ڈال دیا ہے اور تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی انخلا کے بعد اسرائیل کو اپنی بقا کے لیے سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس جنگ کے دوران پاکستان، چین اور روس ایک مضبوط تزویراتی بلاک کے طور پر سامنے آئے ہیں اور ایران کو حاصل ہونے والی مبینہ انٹیلیجنس اور تکنیکی معاونت نے امریکہ اور اسرائیل کے ریجیم چینج کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک اب امریکہ کے بجائے پاکستان اور چین کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر اور بنوں میں دو مختلف آپریشنز کے دوران 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں جس پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔




