بشریٰ انصاری نے جاوید شیخ سے تنازع پر اصل صورتحال واضح کردی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے حالیہ دنوں ساتھی اداکار جاوید شیخ کے ساتھ ہونے والے تنازع پر پہلی بار کھل کر بات کرتے ہوئے اصل صورتحال واضح کردی ہے۔
بشریٰ انصاری نے اپنے یوٹیوب ولاگ میں بتایا کہ رمضان کے دوران شوبز شخصیات کے درمیان کئی تنازعات سامنے آئے، اور اسی دوران وہ بھی ایک ایسے معاملے میں الجھ گئیں جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ ان کے مطابق یہ تنازع ایک ایسے دوست کے ساتھ ہوا جن کے ساتھ ان کی برسوں پرانی دوستی اور بہترین تعلق رہا ہے۔
اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل ایک معمولی سی بات تھی جو شاید جاوید شیخ کو ناگوار گزری، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ان کے درمیان تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے موقع پر دونوں اکٹھے تھے اور خوشگوار وقت گزارا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ معاملہ اتنا سنگین نہیں تھا جتنا سوشل میڈیا پر دکھایا گیا۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ دوستوں کے درمیان اختلافات ہونا کوئی نئی بات نہیں، لیکن آج کل سوشل میڈیا معمولی معاملات کو بھی بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے اور چھوٹی بات کو بڑا تنازع بنا دیتا ہے۔ ان کے بقول یہی وجہ ہے کہ عوام کو ہر چھوٹی بڑی بات کا علم ہو جاتا ہے، جو پہلے نجی دائرے تک محدود رہتی تھی۔
اداکارہ نے مداحوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ ہر سنی سنائی بات پر یقین کرنے کے بجائے حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ ہر تنازع اتنا بڑا نہیں ہوتا جتنا دکھائی دیتا ہے۔



