سی بی ایم کے تعاون سے بدین میں آنکھوں کے امراض سے بچاؤکے حوالے سے اجلاس

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سی بی ایم کے تعاون سے ضلع بدین میں آنکھوں کے امراض سے بچاؤ اور بہتر علاج کی سہولیات کی فراہمی کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ شہزاد قریشی (انڈس ہسپتال) عبدالمنان، سی ایس آر ایکسپرٹ یو ای پی شکیل شاھ نے شرکت کی اجلاس میں پروجیکٹ کوآرڈینیٹر عبدالمنان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرسٹوفل بلائنڈن مشن تقریباً چار لاکھ یورو کی فنڈنگ سے بدین میں یہ منصوبہ شروع کر رہا ہے، جسے Indus Hospital & Health Network کے اشتراک اور عملی نگرانی میں نافذ کیا جائے گا انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد اور طلبہ کو آنکھوں کے امراض کا مفت علاج فراہم کیا جائے گا، جس میں آنکھوں کے آپریشن، ادویات، لینز اور نظر کی عینکیں شامل ہیں۔ منصوبے کا بنیادی مقصد غریب اور پسماندہ طبقے تک معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور بینائی سے متعلق بیماریوں میں کمی لانا ہے۔ اس منصوبے کے مؤثر نفاذ اور فیلڈ آپریشنز کی ذمہ داری Indus Hospital & Health Network کے سپرد ہوگی جو پہلے ہی ضلع میں اپنے مختلف یونٹس کے ذریعے صحت کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

مزید برآں، منصوبے کے تحت لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ضلع بدین کے 23 اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جائے گی، جس کا آغاز آئندہ دو ہفتوں میں کیا جائے گا۔ تربیت کے بعد اساتذہ اسکولوں میں طلبہ کی نظر کا معائنہ کر سکیں گے، اور جن بچوں میں بینائی کی کمزوری یا دیگر مسائل کی نشاندہی ہوگی، انہیں مزید علاج کے لیے قریبی صحت مراکز کو ریفر کیا جائے گا۔

یہ سہولت ڈاکٹر سکندر علی مندھرو سول اسپتال بدین سمیت انڈس ہسپتال کے زیر انتظام شادی لارج، ماتلی، علی بندر اور کورواہ میں قائم Indus Hospital & Health Network کے یونٹس میں بھی دستیاب ہوں گی، جس سے دور دراز علاقوں کے افراد کو بھی اپنے قریب علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ اس منصوبے سے نہ صرف آنکھوں کے امراض کی بروقت تشخیص ممکن ہوگی بلکہ علاج تک رسائی بھی آسان ہوگی، جس کے نتیجے میں ضلع بدین میں عوام کی مجموعی صحت میں نمایاں بہتری آنے کی تو قع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button