تھائی لینڈ کےمقابلۂ حسن کے دوران امیدوار کے نقلی دانت گرگئے، ویڈیو وائرل

تھائی لینڈ (جانوڈاٹ پی کے)تھائی لینڈ کے معروف مقابلۂ حسن ’مس گرینڈ تھائی لینڈ‘ میں تقریر کے دوران امیدوار کے نقلی دانت اسٹیج پر  گرگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ایونٹ میں پیش آنے والے اس غیر متوقع واقعے نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی لیکن دلچسپ بات یہ تھی کہ  امیدوار نے نہایت مہارت اور اعتماد کے ساتھ صورتحال کو سنبھال لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقابلے میں شریک امیدوار کمولوان چاناگو (Kamolwan Chanago) ابتدائی مرحلے میں اپنا تعارف پیش کر رہی تھیں کہ اسی دوران ان کے ڈینٹل وینیئرز اچانک نکل گئے جس سے چند لمحوں کے لیے اسٹیج پر خلل پیدا ہوا۔

یہ منظر ججز اور وہاں موجود ناظرین کے سامنے پیش آیا تاہم کمولوان چاناگو گھبراہٹ کا مظاہرہ کرنے کے بجائے پُرسکون رہیں اور چند لمحوں کے لیے مڑیں، اپنے ڈینٹل وینیئرز درست کیے اور دوبارہ اعتماد کے ساتھ اپنی پرفارمنس جاری رکھی۔

امیدوار کے اس پُراعتماد اور پیشہ ورانہ رویے نے حاضرین کے دل جیت لیے اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

بعدازاں انہوں نے ایوننگ گاؤن میں پوز دیتے ہوئے کیمروں کے سامنے مسکراتے ہوئے اپنی پرفارمنس مکمل کی، گویا کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جہاں صارفین نے ان کے حوصلے اور پیشہ ورانہ انداز کو سراہا۔

یہ واقعہ مقابلے کے ابتدائی مرحلے کے دوران پیش آیااورفاتح کا اعلان ہفتے کے روز کیا جائے گا۔

جیتنے والی امیدوار مس گرینڈ انٹرنینشل 2026 میں تھائی لینڈ کی نمائندگی کریں گی جو بھارت میں منعقد ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button