پٹرول فراہمی،نکاسی آب اور بدبو کیخلاف کارروائیاں،اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور کے اچانک دورے

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور نے شہر میں پیٹرول کی ممکنہ قلت کے خدشے کے پیش نظر مختلف پیٹرول پمپس کے اچانک دورے کیے، جہاں انہوں نے پیٹرول کی دستیابی، فروخت کے عمل اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بلا تعطل پیٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ذخیرہ اندوزی یا زائد نرخ وصول کرنے کی کسی بھی شکایت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
دریں اثناء ممکنہ بارشوں کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے مشینری، پمپس اور جنریٹرز کی فعالیت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مشینری مکمل طور پر فعال حالت میں رکھی جائے اور کسی بھی خرابی کی صورت میں فوری مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے عملے کو الرٹ رہنے اور ممکنہ بارشوں کے دوران 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دینے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ نکاسی آب کے نظام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں، شہر میں رات کے وقت پھیلنے والی بدبو کے تدارک کے لیے کمشنر سکھر ڈویژن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور نے سندھ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (SEPA) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ہمراہ سائٹ ایریا میں قائم مشتبہ فیکٹریوں کا اچانک معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انکشاف ہوا کہ ایک صابن فیکٹری بغیر این او سی (NOC) کے کام کر رہی ہے اور وہاں پلاسٹک کا کچرا جلایا جا رہا ہے جو ماحولیاتی آلودگی اور بدبو کا باعث بن رہا ہے، جبکہ ایک اور فیکٹری کی جانب سے عید کی تعطیلات کے دوران مقررہ استعداد سے زائد مرغی اور مچھلی کی باقیات پراسیس کیے جانے سے شہر میں شدید بدبو پھیل گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ مذکورہ فیکٹریوں کو سندھ ماحولیاتی تحفظ ایکٹ کی دفعہ 33 کے تحت نوٹس جاری کیے جائیں اور انہیں قانون کے مطابق این او سی حاصل کرنے کا پابند بنایا جائے، بصورت دیگر فیکٹریوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔



