ایران کے اسرائیلی شہروں دیمونا، عراد پر شدید میزائل حملے، 6 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے اسرائیل کے جنوبی شہروں عراد، دیمونا اور وسطی علاقوں پر کلسٹر وار ہیڈ والے میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے شہر دیمونا پر ایران نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچویں بار میزائل حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر میں شدید تباہی کی اطلاعات ہیں، یہ شہر نہایت سکیورٹی میں گھرا ہوا ہے اور یہاں اسرائیل کا جوہری پلانٹ بھی واقع ہے۔
اسرائیل کے جنوبی شہر عراد میں ایرانی حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، میزائل حملے میں کم از کم 20 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، دیمونا میں 3 منزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی، جبکہ 50 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیلی شہر دیمونا پر حملہ نطنز میں واقع جوہری افزودگی کے مرکز پر اسرائیلی حملے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
تہران، اصفہان اور خارگ کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران، اصفہان اور خارگ کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، ان شہروں کے متعدد حصے فضائی حملوں کی زد میں آئے ہیں، جس کے بعد علاقے میں دھماکوں اور دھوئیں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کن مقامات کو براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے اور کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات بھی فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں، صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی اور ہنگامی ادارے متحرک ہیں۔
اسرائیل کے مختلف علاقوں کیلئے نئے میزائل حملوں کے خدشے کی وارننگ جاری
دیمونا سمیت جنوبی اسرائیل کے مختلف علاقوں کیلئے ایران کی جانب سے نئے میزائل حملوں کے خدشے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے جن میں بیرشیبا اور بحیرہ مردار کے بعض علاقے بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دیمونا انتہائی حساس اور سخت سکیورٹی والا شہر ہے، جہاں بعض علاقوں میں تصاویر لینے کی بھی اجازت نہیں ہوتی، خاص طور پر جوہری پروگرام کے آس پاس، تاہم حالیہ اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہاں میزائل ڈیفنس سسٹم ناکام رہا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بڑے اور پیچیدہ وار ہیڈز والے میزائلوں کو روکنا اسرائیل کیلئے زیادہ مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے میزائل بعض اوقات اپنے اندر متعدد سب میونیشنز رکھتے ہیں، جن کا اثر وسیع علاقے تک پھیل سکتا ہے بعض اوقات 10 کلومیٹر تک، تازہ وارننگ کے بعد اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں رہنے والے شہری ایک بار پھر حفاظتی پناہ گاہوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔
پاسداران انقلاب کا اسرائیل پر حملوں میں 200 سے زائد ہلاکتوں کا دعویٰ
ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز نے کہا ہے کہ میزائل حملوں میں اسرائیل کے مختلف شہروں میں فوجی تنصیبات اور سکیورٹی مراکز کو نشانہ بنایا، جن میں ایلات، دیمونا، بیرشیبا، کریات شامل ہیں۔
پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ یہ حملے صرف اسرائیل تک محدود نہیں رہے بلکہ کویت میں علی السلیم ایئر بیس، یو اے ای میں دو اڈوں کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، تاہم اسرائیل نے اتنی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔
دیمونا میں میزائل واقعے کی اطلاعات سے آگاہ ہیں، عالمی جوہری توانائی ایجنسی
عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہر دیمونا میں میزائل واقعے کی اطلاعات سے آگاہ ہیں، نیوکلیئر ریسرچ سینٹر کو نقصان پہنچنے کے شواہد نہیں ملے، معلومات کےمطابق غیر معمولی تابکاری ریکارڈ نہیں ہوئی۔
عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی فوجی اڈے پر زور دار دھماکے
عراق کے دارالحکومت بغداد میں زور دار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا، زمینی ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی نے عراقی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بغداد ایئر پورٹ پر قائم امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک دھماکہ ہوا تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ ڈرون کے ذریعے کیا گیا یا کسی اور ذریعے سے، اور نہ ہی کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق ہو سکی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا امدادی فورسز کو مزید مضبوط بنانے کا اعلان
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنوبی شہر عراد پر ایرانی حملے کے بعد ہنگامی اور امدادی فورسز کو مزید مضبوط بنانے کا اعلان کیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا ہے وہ ان ایمرجنسی اور ریسکیو ٹیموں کو مزید تقویت دے رہے ہیں جو اس وقت جائے وقوعہ پر کام کر رہی ہیں، یہ اقدام تب اٹھایا گیا جب عراد پر ایرانی حملے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
سعودی عرب کا 6 ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کا دعویٰ
سعودی وزارت دفاع کے مطابق پہلے ایک ڈرون کو کامیابی سے روکنے اور تباہ کرنے کے بعد اب اسی علاقے میں مزید کم از کم 6 ڈرونز کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مسلسل نگرانی اور دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کے ذریعے ممکن ہوئی، جبکہ علاقے میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کا حملہ، 2 صیہونی فوجی زخمی
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ شمالی اسرائیل میں حملے کے دوران دو فوجی زخمی ہو گئے ہیں، یہ واقعہ حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے مارٹر حملے میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں فوجیوں کو زخم آئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 4 ہزار 292 افراد زخمی ہو چکے، اسرائیلی وزارت صحت
اسرائیل کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 4 ہزار 292 افراد زخمی ہوکر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیے جا چکے ہیں، جبکہ تازہ ایرانی حملوں میں بھی زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
شارجہ کے قریب ایک بحری جہاز کے پاس دھماکے کی اطلاع موصول
یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یو اے ای کے شہر شارجہ کے قریب ایک بحری جہاز کے پاس دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ایجنسی کے مطابق یہ دھماکا شارجہ سے تقریباً 15 ناٹیکل میل شمال میں ایک کارگو جہاز کے قریب کسی نامعلوم پروجیکٹائل کے باعث ہوا، واقعے کے باوجود جہاز کے تمام عملے کے افراد محفوظ ہیں۔



