سندھ میں خصوصی بچوں کیلئے 49 ڈیجیٹل کلاس رومز اور 20 سیٹلائٹ اسکولز کا افتتاح

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں خصوصی بچوں کے لیے 49 جدید ڈیجیٹل کلاس رومز، 20 سیٹلائٹ اسکولز اور سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کردیا۔
محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کا عزم ہے، جدید ٹیکنالوجی خصوصی بچوں کے تعلیمی تجربے کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ڈیجیٹل کلاس رومز میں اسمارٹ بورڈز، ای لرننگ ٹولز اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن کے ذریعے خصوصی بچوں کو ڈیجیٹل دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف جدید انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کافی نہیں بلکہ اصل کامیابی ان سہولیات کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے والے افراد سے وابستہ ہے۔ اسی مقصد کے تحت ڈیجیٹل تعلیمی اقدامات کے ساتھ سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کے مطابق سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام ڈیف ریچ اور ایف ای ایس ایف کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جس سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم، فلاح اور بحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ صوبے کے 67 خصوصی تعلیمی اداروں میں تقریباً 20 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، جہاں انہیں مختلف بنیادی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ بحالی، فزیوتھراپی اور اسپیچ تھراپی کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ مفت ٹرانسپورٹ اور غذائیت سے بھرپور کھانے کی سہولت کے علاوہ زیر تعلیم طلبہ کو ماہانہ 3 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جارہا ہے۔



