تھرپارکر،ڈاکٹر کی خودکشی کا معاملہ،وصیت میں نامزد3ڈاکٹر معطل،پولیس نے اتفاقی رپورٹ درج کرلی
معطل ڈاکٹرزمیں سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ہریش جگانی،اے ایم ایس ڈاکٹر موہن لال کتھری اور ڈاکٹر عبدالمالک شامل

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر شہر مٹھی کی سول اسپتال کے سینئر ڈاکٹر اور چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کی خودکشی کے بعد کی گئی وصیت میں نامزد ملزمان کی نشاندہی کے بعد مزید 3ڈاکٹروں کو حکومت سندھ کے حکم پر معطل کر دیا گیا ہے۔ معطل کیے گئے ڈاکٹرزمیں سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ہریش جگانی، اے ایم ایس ڈاکٹر موہن لال کتھری اور ڈاکٹر عبدالمالک نوہڑیو شامل ہیں۔
میل نرس منٹھار بھیل، میل نرس سردارو بھیل، وارڈ بوائے رجب اور اسٹور کیپر برکت ہنگورجو کو ایک دن قبل ہی معطل کر کے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
حکومت سندھ کی جانب سے قائم کی گئی تحقیقاتی کمیٹی اتوار کے روز ڈی ایچ او تھرپارکر کے دفتر پہنچی، جہاں اس نے الزام کے تحت آنے والے ملازمین کے خلاف شواہد جمع کیے اور واپس روانہ ہو گئی، جس کی سفارش پر تین ڈاکٹروں کو معطل کیا گیا۔
مٹھی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بااثر لوگوں کی پسند کی رپورٹ درج کرنے سے انکار کرتے ہوئے طویل چھٹی پر روانہ ہو گئے، جس کے بعد سرکاری مدعی اے ایس آئی پردیپ میگھواڑ کی مدعیت میں واقعے کی اتفاقی خودکشی کی رپورٹ درج کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ ون مٹھی کی عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔ متوفی کی جانب سے نامزد کیے گئے ملزمان کو بچانے کے لیے پولیس نے دفعہ 174 کے تحت رپورٹ داخل کی ہے۔
ادھر مٹھی تھانے کی حدود میں اس ہائی پروفائل واقعے کے بعد ایس ایچ او مٹھی مبارک راجڑ کا میڈیکل چھٹی پر چلے جانا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ شہریوں نے اس عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں ضرور کوئی نہ کوئی گڑبڑ ہے۔



