بدین:نشاندہی کے باوجود موبائل فون چھیننے والے ملزمان کیخلاف کارروائی نہ کرنے کا نوٹس لیا جائے،شہری کی اعلیٰ حکام سے اپیل

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ پی کے)پنگریو پولیس اسٹیشن کی حدود میں گاؤں انورکھوسو کے رہائشی باشندے اسماعیل کھوسو نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نشاندہی کے باوجود اس کا موبائل فون چھیننے والے ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا نوٹس لیا جائے اور فوری طور پر اس کا موبائل فون برآمد کرایا جائے۔ اسماعیل کھوسو نے پریس کلب پنگریو میں اپنے دیگر رشتہ داروں صدام حسین اور رجب علی کھوسو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان آزادانہ طور پرگھوم پھر رہے ہیں اور انہیں سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنگریو پولیس نے پہلے بھی یقین دہانی کروائی تھی، مگر اب تک موبائل فون کی واپسی عمل میں نہیں آئی۔ متاثرہ شہری نے مزید کہا کہ مذکورہ ملزمان اس سے قبل بھی موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چھیننے میں ملوث رہ چکے ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ پریس کانفرنس میں اسماعیل کھوسو نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مقامی سطح پر انصاف نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں میں تحفظ کا فقدان پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ۔ڈی آئی جی حیدرآباد ۔ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کروائیں اور ذمہ دار پولیس افسران کو بھی جوابدہ بنایا جائے واضح رہے کہ پنگریو پولیس نے متاثرہ شہری کو یقین دہانی کروائی تھی کہ اس کا موبائل فون برآمد کیا جائے گا، لیکن تین ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا، جس پر شہری نے نوٹس لینے اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیاہے

مزید خبریں

Back to top button