دجال کی آہٹ:سلیکون ویلی کے ایوانوں سے نکلتی ایک خوفناک پیش گوئی!

تحریر:نہال معظم
دنیا آج ایک ایسی عجیب و غریب صورتحال سے گزر رہی ہے جہاں صرف سیاست یا دنیاوی ترقی کی باتیں کرنا کافی نہیں ہے۔ حال ہی میں، ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے نام پیٹر تھیل (PayPal کے بانی) نے ایک ایسا لیکچر دیا جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ پیٹر تھیل کوئی عام آدمی نہیں، وہ شخص ہے جس نے آج کی جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیٹا کے ذریعے پوری دنیا پر کنٹرول حاصل کر رکھا ہے۔ جب اتنا بڑا آدمی کھل کر ‘دجال’ اور اس کے فتنے کی بات کرے، تو یہ کوئی عام بحث نہیں بلکہ ایک ایسی وارننگ ہے جسے نظر انداز کرنا ناممکن ہے۔
مسلمانوں کے لیے دجال کا ظہور کوئی فرضی کہانی نہیں، بلکہ یہ ہمارے ایمان کا حصہ اور ایک اٹل حقیقت ہے۔ یہ وہ فتنہ ہوگا جو عقل و ہوش اڑا دینے والی کرامات اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انسانوں کو دھوکے میں ڈال دے گا۔ آج کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیپ فیک (جعلی تصویریں اور ویڈیوز) اور حقیقت کو جھوٹ میں بدل دینے والی ٹیکنالوجی ان احادیث کی یاد دلاتی ہے جن میں دجال کے دور کو ‘فریب اور دھوکے کا دور’ کہا گیا ہے۔ پیٹر تھیل کا یہ کہنا کہ دنیا ایک خطرناک موڑ پر ہے، دراصل اسی بات کی تصدیق ہے جو چودہ سو سال پہلے بتا دی گئی تھی کہ سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا مشکل ہو جائے گا۔
سوشل میڈیا، ٹویٹر اور یوٹیوب پر اس بات کی بحث چھڑ گئی ہے کہ آخر ایک ارب پتی ٹیکنالوجسٹ کو دجال اور مذہبی پیش گوئیوں میں دلچسپی کیوں پیدا ہوئی؟ کیا یہ کوئی کھیل ہے، یا پھر یہ ان لوگوں کا اعتراف ہے جو خود وہ ٹیکنالوجی بنا رہے ہیں جو دجال کے فتنے کے لیے راستہ ہموار کر رہی ہے؟ یہ موضوع آج ہر جگہ وائرل ہے، کیونکہ ہر انسان اندر سے یہ محسوس کر رہا ہے کہ ہم ایک ایسی طاقت کی گرفت میں آ رہے ہیں جو ہماری سوچوں کو کنٹرول کر سکتی ہے۔ مغرب اسے چاہے کوئی سیاسی سازش کہے، لیکن ایک مسلمان کے لیے یہ ان بڑی نشانیوں کا ظہور ہے جس کی خبر ہمیں پہلے سے دی جا چکی ہے۔
آج کی ٹیکنالوجی جو ہمیں آرام پہنچانے کا دعویٰ کرتی ہے، کیا وہ دراصل دجال کے اس بڑے فریب کا حصہ تو نہیں جو انسان کو اللہ سے دور کر کے صرف مادیت کی غلامی میں دھکیل رہا ہے؟ یہ کالم صرف بحث کے لیے نہیں، بلکہ آپ کو یہ بتانے کے لیے ہے کہ آج کے ٹیکنالوجی والے دور میں دجال کا فتنہ ہمارے گرد گھیرا ڈال رہا ہے۔ چاہے آپ کسی بھی مکتبِ فکر سے ہوں، یہ بات تو واضح ہے کہ دنیا ایک ایسی خوفناک تبدیلی کے قریب ہے جہاں سچ صرف وہی ہے جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے بتا دیا، اور باقی سب اس کے گرد بنے گئے فریب کے تانے بانے ہیں۔



