سرگودھا،ناجائز تعلقات کے شبہ پر بیوی،5بچوں کو قتل کر دیا

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب کے ضلع سرگودھا کے نواحی علاقے بھاگٹانوالہ میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور پانچ بچوں کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود چک 25 جنوبی میں ملزم یاسین ملاح نے کلہاڑی کے وار کر کے اپنی بیوی اور بچوں کو قتل کیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ملزم کی بیوی فرخندہ، 18 سالہ بیٹی نور فاطمہ، 14 سالہ بیٹا علی حسن، 11 سالہ طیب، دو سالہ حسنین اور ایک سالہ بیٹا شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے واردات کے بعد خود کو بھی زخمی کر لیا جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام لاشوں اور زخمی ملزم کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدائی رپورٹ موصول ہو چکی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا معاملہ گھریلو تنازعہ تھا یا ملزم ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔اس دلخراش سانحے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔تھانہ بھاگٹانوالہ پولیس نے باپ کے ہاتھوں قتل ہونے والے 6 افراد کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا، شوہر کی طرف سے بیوی اور 5 بچوں کا قتل ناجائز تعلقات کے شبہ کی بنا پر کیا گیا۔پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں مقتولین کے چچا کے حوالے کر دیں، 6 افراد کی نماز جنازہ چک 25جنوبی میں ادا کی جائیگی۔



