اسرائیلی دہشت گردی سے لبنان میں 634 شہری جاں بحق، 8 لاکھ بے گھر ہو گئے

بیروت(ویب ڈیسک) اسرائیل کی لبنان میں دہشت گردی سے 634 شہری جاں بحق اور 8 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے۔
لبنان کے وزیر صحت رکان ناصر الدین کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے تقریباً دس دنوں کے دوران مرنے والوں میں 91 بچے اور 47 خواتین شامل ہیں، انہوں نے 1500 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کا بھی اعلان کیا۔
سماجی امور کی وزیر حنین السید نے ناصر الدین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنگ کے نتیجے میں سرکاری طور پر رجسٹرڈ بے گھر ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ 16 ہزار ہو گئی ہے، ان بے گھر ہونے والے افراد میں سے ایک لاکھ 26 ہزار پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔
اسرائیلی جنگی طیاروں اور ڈرونز کے جنوبی لبنان اور مشرقی لبنان کے متعدد علاقوں میں حملے جاری ہیں، اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبوں بیت یاحون، کونین، قبریخا، طیر حرفا، مجدل زون، کفرا اور یاطر پر بمباری کی، اسی طرح دو اسرائیلی ڈرونز نے حناویہ اور حارص نام کے قصبوں میں دو موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنایا۔
لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے مشرقی لبنان میں مغربی بعلبک کے علاقے بودای کے مضافات میں الضلیل کے مقام پر ایک چھوٹی مال بردار گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اسی سلسلے میں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں مطریہ الشومر، الخرايب، ارزی، الزراریہ، مزرعہ الواسطہ اور مزرعہ جمجم کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دے دیا۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے تولین اور قبریخا کے قصبوں پر بھی مزید حملے کردیے، زبقین پر دو حملے کیے، اس قصبے کے مضافات میں اسرائیلی توپ خانے سے شدید گولہ باری کی گئی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ لبنان تک اس وقت پہنچی جب حزب اللہ نے ایران پر امریکی اسرائیلی حملے کے پہلے دن ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جاں بحق ہوجانے کے جواب میں اسرائیل پر راکٹ داغ دیے، اسرائیل اس وقت سے لبنان پر وسیع پیمانے پر فضائی حملے کر رہا ہے اور اس کی افواج جنوب میں داخل ہو رہی ہیں۔



