تھرپارکر: کلوئی کے قریب زمیندار پر ہاری کی بیوی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کا الزام

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی)کلوئی کے قریب ایک زمیندار کی جانب سے ہاری کی بیوی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی موقع پر پہنچ گئے اور اسے بچا لیا۔ متاثرہ خاتون اپنی ساس اور سسر کے ہمراہ پریس کلب پہنچ کر احتجاج کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کلوئی کے قریب کاجھر کے گاؤں مصری سومرو میں زمیندار حیدر سومرو نے مبینہ طور پر خاتون کریمان کولہی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔
اس حوالے سے متاثرہ خاتون کریمان کولہی نے میڈیا کے سامنے روتے ہوئے کہا کہ اس کا شوہر کانجی اس وقت بھی زمینداروں کی تحویل میں بندھا ہوا ہے اور اسے مارا بھی جا سکتا ہے۔
خاتون کے مطابق زمیندار حیدر سومرو نے اس کا بازو پکڑ کر زبردستی کرنے کی کوشش کی، تاہم اس کی چیخوں پر اس کا شوہر اور پڑوسی وہاں پہنچ گئے۔
متاثرہ خاتون کے سسر والم کولہی نے کہا کہ ایک بااثر زمیندار نے ہم پر ظلم کیا ہے، ہم غریب لوگ ہیں اور انصاف چاہتے ہیں۔
دوسری جانب زمیندار کے بھائی فقیر محمد نے خاتون کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ہاریوں نے مرچیں چوری کی تھیں، باقی تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔



