آج ورلڈ چیریٹی ڈے، ضرورت مندوں کی مدد اور خیراتی کاموں کا شعور اجاگر کرنے کا دن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ورلڈ چیریٹی ڈے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ضرورت مند افراد کی مدد، عطیات دینے اور رفاہی سرگرمیوں کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
ورلڈ چیریٹی ڈے کا آغاز 2013ء میں ہوا، جس کے تحت لوگوں کو اپنا وقت اور پیسہ عطیہ کرنے، خیراتی کاموں میں حصہ لینے اور معاشرے کے مستحق افراد کی مدد کی ترغیب دی جاتی ہے۔
ملک میں بڑھتی مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث ضرورت مند افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فلاحی اداروں کے مطابق مختلف شعبوں میں فلاح و بہبود کے کام جاری رہنے کے باوجود معاشی مسائل بدستور موجود ہیں۔
فلاحی اداروں کے رضاکاروں کا کہنا ہے کہ محنت کش طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے، ایسے حالات میں رفاہی اداروں اور مخیر حضرات کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے۔
سماجی و فلاحی ادارے ضرورت مندوں کی مدد میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق حکومت کو بھی عام آدمی کی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔



