جی7ممالک کا ہنگامی ذخائرکےا ستعمال کا اشارہ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 119ڈالرسے97 ڈالرفی بیرل تک آگئیں

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)آبنائے ہرمز کی بندش اور تیل تنصیبات پر حملوں کے اثر کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں 30 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا تاہم جی 7 ممالک کی جانب سے ہنگامی ذخائر کے استعمال کے اشاروں کے بعد قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی۔
پیر کے روز دوران کاروبار برطانوی خام تیل برینٹ کی فی بیرل قیمت 21.25 ڈالر اضافے سے 119.50 ڈالر جب کہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت 21 ڈالر اضافے سے 119.48 ڈالر تک پہنچ گئی۔
امریکی اخبار کے مطابق کورونا وبا کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل پہلی بار 100 ڈالر فی بیرل سے مہنگا ہوا ہے۔
دوسری جانب تیل کی قیمتوں میں کمی کےلیے جی7 ممالک متحرک ہوگئے اور انہوں نے خام تیل کے ہنگامی ذخائر کے استعمال کی تجویز دی ہے جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں واپس کم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
اس حوالے سے فرانس کی زیر صدارت جی 7 ممالک کے وزرائے خزانہ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں قیمتوں میں کمی کے لیے تیل کے ہنگامی ذخائر کے استعمال کی تجویز پر غور ہوا۔
خبر ایجنسی کے مطابق خام تیل کے ہنگامی ذخائرکے استعمال پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، مارکیٹ مستحکم کرنے کے لیے ہرضروری ذریعہ استعمال کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
فرانسیسی وزیر خزانہ کے مطابق ضرورت کے مطابق ذخائر جاری کرنےکا امکان بھی شامل ہے، صورتحال پر گہری نظر ہے، یورپ اور امریکا میں فی الحال ایندھن فراہمی کا مسئلہ نہیں ہے۔
اجلاس میں عالمی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے سربراہ نے بتایا کہ تمام ممکنہ آپشنز پر غور کیا گیا جن میں آئی ای اے کےتیل کے ہنگامی ذخائرکو استعمال کرنا بھی شامل ہے۔
سربراہ آئی ای اے کا کہنا تھا کہ آئی ای اے کے رکن ممالک کے پاس اس وقت ہنگامی استعمال کے لیے 1.2 ارب بیرل سے زائد تیل کے سرکاری ذخائر موجود ہیں جبکہ اس کے علاوہ 600 ملین بیرل تیل صنعتی ذخائر کی صورت میں بھی حکومتوں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
اس سے قبل ان ذخائر کا استعمال 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد عالمی منڈی کو سہارا دینے کے لیےکیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جی7 ممالک کی جانب سے تیل کے ہنگامی ذخائرکے استعمال کے اشاروں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں ایک روز میں ہی واپس کمی ہورہی ہے اور برطانوی خام تیل برینٹ جو کہ فی بیرل 119.50 ڈالر پر پہنچ گیا تھا اب 98.69 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی جو کہ 99.80 ڈالرفی بیرل پر پہنچ گیا تھا اب 95.65 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہورہا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق تاجروں کو خلیج فارس سے تیل اور قدرتی گیس کی رسائی کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش لاحق ہے۔ ایران کے جنوبی ساحل پر واقع آبنائے ہرمز تقریباً ایک ہفتے سے بند ہے، جس کے باعث خطے میں پیدا ہونے والا ایندھن عالمی منڈیوں تک نہیں پہنچ پا رہا۔ دنیا کا تقریباً پانچواں حصہ تیل اور بڑی مقدار میں قدرتی گیس عام طور پر روزانہ اس آبنائے سے گزرتی ہے۔



