نیو سکھر:یومِ علی کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقد

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)سکھر میں اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور کی زیرِ صدارت یومِ علیؑ (21 رمضان المبارک) کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور شیعہ علماء کرام نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختیارکار جبران کوسو، ڈی ایس پی ستار فل، ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ آئی راشد مہیسر، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سے جھانزیب، نثار احمد صدیقی ٹائون سے لقمان گل مہر، میونسپل کارپوریشن سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلال کورائی اور افضال چنہ، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سے ڈاکٹر اشفاق، سیپکو واپڈا سے اسرار باجکانی اور ایس ایس جی سی سے عبدالجبار بیو سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شیعہ علماء کرام شریک ہوئے۔

اجلاس میں یومِ علیؑ کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس اور مجالس کے انتظامات، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی، طبی سہولیات اور دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے مکمل انتظامات یقینی بنائیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یومِ علیؑ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے کام کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button