دادو(جانوڈاٹ پی کے)پولیس نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 42 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران ملزمان کے قبضے سے 10 کلو گرام چرس، 836 پیکٹ گٹکا، چھالیہ، بھنگ اور شراب برآمد کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی منشیات کی مجموعی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضلع کے 20 مختلف تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ منشیات کے بڑے نیٹ ورک تک پہنچنے کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع میں منشیات کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔