ہالا میں 9 ایکڑ پر جدید اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کے لیے اہم پیش رفت

 ہالا (رپورٹ امجد راجپوت، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان ۔سردار محمد بخش خان مہر”, سے سول سوسائٹی کے وفد کی ایک اہم ملاقات ان کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ وفد کی قیادت چیئرمین سول سوسائٹی سید گلفام کاظمی نے کی، جبکہ میمن اسپورٹس کلب ہالا کے چیئرمین جاوید میمن بھی ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران ہالا میں گزشتہ 15 برسوں سے لاوارث پڑی 9 ایکڑ سرکاری زمین پر جدید اور شاندار "ہالا اسپورٹس کمپلیکس” کے قیام سے متعلق تفصیلی کیس پیش کیا گیا۔ وفد نے وزیر موصوف سے درخواست کی کہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے پیش نظر اس منصوبے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ وزیر کھیل نے معاملے کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور متعلقہ بیوروکریسی کو ضروری اور اہم ہدایات جاری کیں تاکہ اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کے عمل کو جلد عملی شکل دی جا سکے۔ اس موقع پر وفد کا کہنا تھا کہ ہالا اور ضلع مٹیاری کے نوجوان برسوں سے معیاری کھیلوں کی سہولیات سے محروم ہیں۔ یہ منصوبہ عملی صورت اختیار کرنے کے بعد نہ صرف ہالا بلکہ پورے ضلع کے نوجوانوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہوگا۔ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو صحت مند ماحول میسر آئے گا اور وہ مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں گے۔ سول سوسائٹی آف سندھ نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومتِ سندھ کے تعاون سے جلد ہالا اسپورٹس کمپلیکس کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگا، جو علاقے میں کھیلوں کے میدان میں ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button