مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف جانو/پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے  آج صبح سویرے  سول اسپتال مکلی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کرکے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، عملے کی حاضری اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سول سرجن اور مرف انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسپتال میں علاج و معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے خصوصی طور پر ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کی بند مشینوں کو فوری طور پر فعال بنانے کی ہدایت جاری کی تاکہ عوام کو جدید تشخیصی سہولیات مقامی سطح پر میسر آ سکیں اور انہیں کراچی یا دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج و معالجے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان مریضوں کو مستقل بنیادوں پر بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بلڈ بینک میں خون کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آگاہی و رضاکارانہ خون عطیہ مہم چلانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ تھیلیسیمیا اور دیگر مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ اسپتال کے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button