لاڑکانہ: شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں 194 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے وزیرِاعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی کے تمام کالجز اور اداروں کے مجموعی طور پر 194 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے. دوران تقریب چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کے 77، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر کے 32، بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کے 16، بینظیر کالج آف نرسنگ کے 20، انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی کے 25، انسٹی ٹیوٹ آف فزیوتھراپی کے 19 اور پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز کے 5 طلبہ اور طالبات کو لیپ ٹاپ دئے گئے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی بامعنی تحقیق، آن لائن تعلیم اور عالمی تعلیمی وسائل تک رسائی کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ لیپ ٹاپ کو علمی اور تحقیقی مقاصد کے لیے مؤثر اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے حکومتِ پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔
ڈین میڈیسن اینڈ الائیڈ پروفیسر ڈاکٹر الطاف احمد شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں لیپ ٹاپ علم کی جانب ایک دروازہ ہے، جو آن لائن ریسرچ ڈیٹا بیس، میڈیکل جرنلز اور ای لرننگ پلیٹ فارمز تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
نذیر احمد برڑو، پرنسپل نرسنگ کالج نے ووٹ آف تھینکس پیش کیا اور تمام منتظمین کی کاوشوں کو سراہا.
لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب آئی ٹی شعبے کی جانب سے منعقد کی گئی۔ ڈائریکٹر آئی ٹی انجینئر روشن علی شیخ نے تقریب کے دوران بریفنگ دی،
تقریب کے اختتام پر مستحق طلبہ میں اسکالرشپ کے چیکس بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ مگسی، رجسٹرار پروفیسر فہد جبران سیال، ڈائریکٹر فنانس رفیق سرکی سمیت یونیورسٹی سے منسلک تمام اداروں کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی.



