تنخواہوں میں کٹوتی اور بدتمیزی کے الزامات، ہولی کے دن بھی صفائی عملے کا مٹھی میں احتجاجی دھرنا

تھرپارکر (رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) میونسپل کمیٹی مٹھی کے صفائی کرنے والے ملازمین نے تنخواہوں میں مبینہ ناجائز کٹوتیوں اور جمعدار سريش جکرو پر بدتمیزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا۔
صفائی عملے نے پریم، سنجیہ اور سنی گجراتی کی قیادت میں خواتین اور بچوں سمیت میونسپل کمیٹی مٹھی کے مرکزی دروازے کے سامنے دوسرے روز بھی احتجاجی دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی۔
احتجاج کی قیادت کرنے والوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعدار سريش جکرو اکثر انہیں غیر حاضر ظاہر کرتا ہے اور ان سے توہین آمیز زبان میں بات کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی بار میونسپل انتظامیہ کو اس صورتحال سے آگاہ کیا مگر کوئی تدارک نہیں کیا گیا، جس کے باعث وہ احتجاج پر مجبور ہوئے۔
ملازمین نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے محنت کرتے ہیں اور ہر آنے جانے والا شہری مٹھی کی صفائی کی تعریف کرتا ہے، لیکن ان کی محنت کا صلہ تنخواہوں میں کٹوتی کی صورت میں دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سريش جکرو خواتین اور بچوں تک کو گالیاں دیتا ہے، اوور ٹائم کے نام پر ڈبل ڈیوٹیاں لیتا ہے مگر ادائیگی نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ اوور ٹائم کا الگ رجسٹر رکھا جاتا ہے اور رقم خرد برد کی جاتی ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ آج ان کا مذہبی تہوار ہولی ہے مگر وہ مجبوری کے تحت احتجاج پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سريش جکرو کو فوری طور پر برطرف کیا جائے اور کٹی ہوئی تنخواہیں واپس کی جائیں۔
دوسری جانب سريش جکرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ نہ انہوں نے کسی سے بدتمیزی کی ہے اور نہ ہی کسی کی تنخواہ میں کٹوتی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق جس نے جتنی ڈیوٹی کی، اسے اتنی ہی تنخواہ دی گئی۔
ادھر چیئرمین میونسپل کمیٹی مٹھی ڈاکٹر منوج کمار ملاّنی نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود تمام مرد و خواتین اسٹاف کو بلا کر پوچھ گچھ کی، جہاں چیکنگ اسٹاف بھی موجود تھا، مگر سريش جکرو کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بغیر ثبوت کے کارروائی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی عملے کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی گئی، انہیں تہواروں پر تحائف اور سہولیات بھی دی جاتی رہی ہیں۔
چیئرمین کے مطابق احتجاج کرنے والے افراد میونسپل کمیٹی کے ملازمین نہیں بلکہ کسی کے ایما پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائز مطالبات کو قانونی طریقے سے پورا کیا جائے گا اور ادارے کے دروازے غریب ملازمین کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔



