ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے والی تین مسافر وین کو تحویل میں لے لیا گیا ، ایف آئی آر درج

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ شاکر فہیم نے مین نیشنل ہائی وے (N-5) ٹھٹھہ پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی پٹرولنگ کی – اس دوران متعدد بار وارننگ کے باوجود شہر میں ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے پر 3 مسافر وینوں کو تحویل میں لے لیا گیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہر میں بلاوجہ ٹریفک جام کا سبب بننے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دریں اثنا تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران خالی کرائی گئی جگہوں کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے ریجنل فاریسٹ آفیسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان مقامات کو گرین بیلٹس میں تبدیل کیا جائے تاکہ شہر کو خوشگوار ماحول میں تبدیل کیا جا سکے – انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ شہر میں نظم و ضبط اور خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔



