ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں 24 ارب روپے کاروباری برادری کیلئے مختص

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں برآمدات کے فروغ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے EDF اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (EXIM Bank) کی جانب سے SMEs کیلئے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 3 ارب روپے کا رسک پول SMEs کیلئے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی میں وسعت لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کاروباری برادری کو برآمدات کا حجم بڑھانے میں سہولت ملے گی جبکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے EDF کی اصلاحات قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تنظیم نو اور اصلاحات کے بعد EDF کی قیادت نجی شعبے کے ماہرین کے سپرد کی گئی ہے اور فنڈ کے تمام وسائل کاروباری برادری کی سہولت کیلئے بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ EDF کے پاس موجود 24 ارب روپے مکمل طور پر کاروباری برادری کی سہولت کیلئے سرمایہ کاری کیلئے مختص کر دیے گئے ہیں، جبکہ مزید انفراسٹرکچر پر کوئی خرچ نہیں کیا جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق EDF کے تحت تحقیق، اسکلز ڈویلپمنٹ اور کاروباری مسابقت میں اضافے کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ پاکستان کی یورپی منڈی تک رسائی کیلئے GSP Plus اسٹیٹس میں توسیع کے حوالے سے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے یہ اقدامات برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ اور پاکستان کو عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے عزم کا اظہار ہیں۔



