نیپال میں تباہ کن سیلاب کے 10 روز بعد معجزاتی ریسکیو، مزید 2 افراد زندہ بچا لیے گئے

کھٹمنڈو(ویب ڈیسک) نیپال میں تباہ کن سیلاب کے 10 روز بعد بھی ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں مزید 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
نیپالی حکام کے مطابق ایک چینی شہری کو ہائیڈرو پاور پلانٹ کی سرنگ سے بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ 60 سالہ خاتون کو چار منزلہ عمارت کی بالائی منزل سے ریسکیو کیا گیا۔
حکام کے مطابق جنوبی کوریا کی ریسکیو ٹیم نے نیپالی فوج کے ساتھ مل کر چینی شہری کو سرنگ سے نکالنے کا کامیاب آپریشن مکمل کیا۔
نیپالی فوج کے مطابق تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 1,375 تک پہنچ گئی ہے جبکہ تقریباً 900 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ لاپتا افراد میں سے تقریباً دو تہائی اپر تریشولی-1 ہائیڈرو پاور منصوبے میں کام کر رہے تھے۔
تریشولی دریا کے اطراف قائم ہائیڈرو پاور منصوبوں میں امدادی اور ریسکیو کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
دوسری جانب امریکی کانگریس کے 27 ارکان نے وزیر خارجہ مارکو روبیو سے مطالبہ کیا ہے کہ نیپال میں امدادی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکا نیپال میں انسانی امداد کیلئے پہلے ہی 3.6 ملین ڈالر سے زائد فراہم کر رہا ہے، جس میں ہنگامی خوراک اور دیگر ضروری امدادی سامان شامل ہے۔
نیپالی حکام ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ عالمی سطح پر بھی متاثرین کیلئے امدادی تعاون بڑھانے کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔



