ماتلی: کوچ اور کار میں تصادم 2 جاں بحق 2 شدید زخمی

ماتلی (رپورٹ: مرتضیٰ میمن / جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے شہر ماتلی کے نواحی علاقے مولوی سلطان بس اسٹاپ کے قریب ٹنڈو غلام علی روڈ پر ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار اے سی کوچ اور کورے کار کے درمیان خوفناک ٹکر کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت جاوید تالپر اور فاروق خاصخیلی کے نام سے ہوئی ہے، جو تصادم کی شدت کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے میں محمد عارف نظامانی اور عبداللہ نظامانی شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں ٹنڈو غلام علی رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اے سی کوچ مٹھی سے کراچی جا رہی تھی، جبکہ کورے کار میں سوار افراد مویشیوں کی خریداری کے لیے جھڈو روانہ تھے۔
حادثے کے فوراً بعد کوچ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کرتے ہوئے ڈرائیور کی تلاش تیز کر دی ہے۔ علاقے میں پیش آنے والا یہ سانحہ ایک بار پھر تیز رفتاری اور لاپرواہی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔



