سیپکو کا بڑا اعلان،سحر و افطار میں زیرو لوڈشیڈنگ،80فیصد ڈیفالٹرز کے باوجود بجلی کی فراہمی جاری رہنے کا دعویٰ سامنے آگیا

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)سیپکو کا بڑا اعلان، سحر و افطار میں زیرو لوڈشیڈنگ، 80 فیصد ڈیفالٹرز کے باوجود بجلی کی فراہمی جاری رہنے کا دعویٰ سامنے آگیا. سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر لاڑکانہ سرکل مشتاق حسین بڑدی نے ایگزیکٹیو انجینئر اصغر شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ماہ رمضان میں سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل منسٹری آف انرجی پاور ڈویژن میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں ہدایات جاری کی گئیں کہ چاہے متعلقہ علاقے ڈیفالٹر ہی کیوں نہ ہوں سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، ایس ای مشتاق بڑدی نے بتایا کہ سیپکو کے سی ای او اعجاز احمد چنہ کی سربراہی میں رمضان المبارک کے دوران صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں.

مشتاق حسین بڑدی کے مطابق عملے کی شب و روز محنت سے لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ سرکل کے تمام ٹرانسفارمرز بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں جس سے شہریوں کی عبادات میں کسی قسم کا خلل نہیں پڑ رہا، انہوں نے کہا کہ سیپکو کا 118 ٹال فری نمبر عوامی سہولت کا بڑا ذریعہ ہے، کسی بھی شکایت کی صورت میں موصول ہونے والی کالز پر اوسطاً آدھے گھنٹے میں مسئلہ حل کیا جا رہا ہے جو لاڑکانہ سرکل کی نمایاں کامیابی ہے.

پریس کانفرنس میں انکشاف کیا گیا کہ لاڑکانہ سرکل کے 1 لاکھ 7 ہزار صارفین میں سے 80 فیصد ڈیفالٹرز ہیں، 48 ارب روپے گھریلو بقایاجات جبکہ 80 کروڑ روپے کمرشل بقایاجات ہیں، ان بقایاجات کی وصولی اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے مختلف علاقوں کو مارک کر کے آگاہی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ ریکوری کو موثر بنایا جا سکے، ماضی میں گلی محلوں میں پولز پر غیر مجاز افراد کی جانب سے بجلی کے کام کی حوصلہ شکنی کی گئی، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے افراد کی نشاندہی ثبوتوں کے ساتھ کریں تاکہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا سکیں، دیہی علاقوں میں میٹر نہ ہونے کے باوجود رمضان میں سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی فراہمی جاری رکھی گئی ہے تاہم رمضان کے بعد صارفین سے میٹر لگوانے کی اپیل کی جائے گی، سیپکو حکام نے یقین دہانی کرائی کہ آنے والی گرمیوں سے قبل بجلی کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، اس موقع پر سیپکو ہائیڈرو یونین سکھر ریجن کے پریس ترجمان محمود پٹھان بھی موجود تھے.

مزید خبریں

Back to top button