پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا10مارچ کو5جی سپیکٹرم کی نیلامی کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے10مارچ کو فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کا اعلان کر دیا، فائیو جی سروس کی کمرشل لانچنگ رواں سال کے وسط میں ہو گی ، چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی میں 3آپریٹرز حصہ لیں گے،50فیصد سے زائد سپیکٹرم فروخت ہو گیا تو اسے کامیاب نیلامی تصور کیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ر حفیظ الرحمان نے پریس کانفرنس میں فائیوجی اسپیکٹرم کی نیلامی اور سروس کے اجرا کی ٹائم لائن جاری کی ۔ انہوں نے بتایا ہر ٹیلی کام آپریٹر کم از کم ایک سو میگاہرٹس اسپیکٹرم حاصل کرے گا ۔ جس سے ملک میں موبائل سروس کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور انٹرنیٹ کی رفتار کے مسائل حل ہو جائیں گے ۔ یہ نوید بھی سنائی کہ فائیو جی سروس کے اجرا کے فوراً بعد سکس جی پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔ کوشش ہوگی سکس جی کی نیلامی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو ۔چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا صنعت کا مطالبہ تھا کہ نیلامی ڈالر میں نہ کی جائے ۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیلامی کے دن ڈالر کی قیمت منجمد کر دی جائے گی اور اسی شرح پر ادائیگیاں ہوں گی ۔ ڈی جی لائسنسنگ نے بتایا حکومت نے نیلام کیلئے پانچ سو ستانوے میگاہرٹس اسپیکٹرم مہیا کیا ہے۔ شرکت کرنے والی کمپنیوں کو ستائیس فروری تک درخواست کے ساتھ پندرہ ملین ڈالر جمع کروانا ہوں گے ۔ کلاک آکشن کئی راؤنڈز پر مشتمل ہوگا جس میں کمپنیاں آن لائن بھی حصہ لے سکیں گی ۔

مزید خبریں

Back to top button