پاک بھارت ٹاکرا: آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کی محسن نقوی کو کولمبو میں میچ دیکھنے کی خصوصی دعوت

کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی کرکٹ میں ہائی وولٹیج پاک بھارت مقابلے سے قبل آئی سی سی کے چیئرمین جے شا نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو کولمبو میں پاک بھارت میچ دیکھنے کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کل کولمبو میں پاک بھارت میچ اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے، جبکہ میچ سے قبل وہ قومی کرکٹ اسکواڈ سے ملاقات بھی کریں گے اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام کو بھی دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں، جبکہ صدر آئی سی سی جے شاہ خود بھی میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میچ کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جے شاہ اور بی سی سی آئی کے اعلیٰ عہدیداران سے غیر رسمی ملاقات بھی ہو سکتی ہے، جس میں عالمی کرکٹ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر کو بھی پاک بھارت میچ دیکھنے کی دعوت موصول ہو چکی ہے، جس سے اس مقابلے کی عالمی اہمیت مزید واضح ہو گئی ہے۔



