مٹھی یو بینک برانچ منیجر ریتیش مہاراج انتقال کر گئے، شہر میں سوگ کی فضا

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)مٹھی یو بینک کے برانچ منیجر ریتیش مہاراج گزشتہ چند روز سے شدید علیل تھے اور کراچی کے ڈاؤ اسپتال میں وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر مٹھی شہر میں پھیلتے ہی نہ صرف بینکاری شعبے بلکہ ان کی برادری سمیت پورے شہر میں غم اور افسوس کی فضا قائم ہو گئی۔
سیاسی، سماجی، تاجر اور مذہبی رہنماؤں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریتیش مہاراج نہایت نیک دل، خوش اخلاق اور ایماندار افسر تھے، جنہوں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے انجام دیں۔
برادری ذرائع کے مطابق مرحوم کی آخری رسومات ہندو مذہب کی روایات کے مطابق ادا کی جائیں گی۔ شہریوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شہر کے مکینوں اور ان کے قریبی ساتھیوں نے مرحوم کی آتما کی شانتی اور لواحقین کے لیے صبر و ہمت کی دعا کی ہے۔



