میزائل پروگرام ہمارادفاع،کسی صورت مذاکرات کا حصہ نہیں بنائینگے،ایران کا امریکا کو دو ٹوک جواب

تہران(جانو ڈاٹ پی کے)ایران نے میزائل پروگرام پر امریکا کیساتھ بات کرنے سے صاف انکار کردتے ہوئے اسے دفاعی پروگرام کا حصہ قراردیدیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام قومی دفاع کا معاملہ ہے اور یہ کسی صورت مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسقط میں امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے دوران امریکی وفد سے مصافحہ بھی ہوا۔عباس عراقچی نے کہا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا، تاہم امریکی سرزمین پر حملے کا امکان نہیں ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ جوہری افزودگی ایران کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے اور اسے جاری رہنا چاہیے، بمباری سے بھی وہ ہماری جوہری صلاحیتوں کو ختم نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہم افزودگی کے حوالے سے ایک یقین دہانی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہیں۔عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی تاہم امریکا اور ایران اس بات پر متفق ہیں کہ بات چیت جلد ہونی چاہیے۔



