تھر اسپورٹس میلے کا اختتام، جیتنے والوں پر انعامات کی بارش

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے)سندھ حکومت اور محکمۂ کھیل کے زیرِ اہتمام مٹھی میں منعقد ہونے والا دوسرا تھر اسپورٹس فیسٹیول 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
تھر اسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر تھے، جنہوں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں کیش انعامات، ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔
مقابلوں کے نتائج کے مطابق رسہ کشی اور فٹبال میں ویسٹ اسکول مٹھی نے شاندار کامیابی حاصل کی،جبکہ ونجھ وٹی کے مقابلوں میں نارتھ اسکول گرلز مٹھی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بوائز شوٹنگ بال میں میرپورخاص اور تھرپارکر کی ٹیمیں رنر اپ رہیں، جبکہ گرلز کرکٹ میچ میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نارتھ کالونی رنر اپ رہی۔ تمام کامیاب اور نمایاں ٹیموں کو کیش انعامات اور ٹرافیاں دی گئیں۔
تھر اسپورٹس فیسٹیول کے دوران اونٹوں اور گھوڑوں کی ریس، روایتی کھیل ملاکھڑا اورمنی میراتھن جیسےدلچسپ مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جن میں کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ترجمان محکمۂ کھیل کے مطابق فیسٹیول میں مجموعی طور پر تقریباً 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں تقسیم کی گئی، جبکہ ٹرافیاں اور شیلڈز بھی دی گئیں۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کھیلوں کے ایونٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور علاقائی و روایتی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آخر میں منتظمین کی جانب سے مٹھی کی عوام، صحافی برادری، پولیس، ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس، میونسپل کمیٹی، سرکاری و نجی اسکولوں اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، جن کے بھرپور تعاون سے تھر اسپورٹس فیسٹیول پُرامن اور کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔



