ایران مڈ نائٹ ہیمر جیسی کارروائی دوبارہ نہیں چاہے گا، مذاکرات کامیاب ہونے کی امید ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُمید ہے ایران کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے کیونکہ ایران مڈ نائٹ ہیمر جیسی کارروائی دوبارہ نہیں چاہے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، اُمید ہے یہ مذاکرات کامیاب ہوں گے، ایران کسی پیشرفت کا خواہشمند نظر آتا ہے تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا واقعی کوئی نتیجہ سامنے آتا ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں لیکن اگلی ملاقات کہاں ہوگی، اس کا انہیں ابھی علم نہیں، ماضی میں بھی ایران کو بات چیت کا موقع ملا لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا جس کے بعد ہم نے ایران کے خلاف آپریشن مڈ نائٹ ہیمر کیا، مجھے نہیں لگتا کہ ایران مڈنائٹ ہیمر جیسی کارروائی دوبارہ چاہے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو کہا جنگ کے بجائے تجارت کریں، اب دونوں خوش ہیں، دنیا بھر کے تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ترجیح ہے، پیوٹن نے سرد موسم میں حملے کیے یہ بہت افسوسناک ہے، یوکرین اور روس کی جنگ بھی ختم کروانا چاہتا ہوں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فوج کی تعیناتی سے واشنگٹن میں جرائم میں کمی آئی، واشنگٹن ڈی سی میں قتل کے واقعات 97 فیصد کم ہو گئے، امریکی شہری اب پہلے سے زیادہ محفوظ ہیں، ری پبلکن پارٹی کو مڈٹرم الیکشن جیتنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا سے جرائم پیشہ تارکین وطن کو واپس بھیجا جا رہا ہے، کولمبیا کے صدر پیٹرو کے ساتھ معاملات اچھے جا رہے ہیں، قطر کے ساتھ 42 ارب ڈالر کا دفاعی معاہدہ کیا ہے، بگرام ایئر بیسں کسی کو نہیں دیں گے، اسے واپس لیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button