ترکیہ میں ہولناک بس حادثہ، 9 مسافر جاں بحق، 26 زخمی

انطالیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے جنوبی صوبے انطالیہ میں مسافر بس کو پیش آنے والے خوفناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق جبکہ 26 مسافر زخمی ہو گئے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار بس تیکر دارن سے انطالیہ کی جانب رواں دواں تھی کہ شدید دھند، بارش اور سڑک پر پھسلن کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ بس سڑک کے کنارے نصب حفاظتی رکاوٹیں توڑتی ہوئی گہری کھائی میں جا گری۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثے کے وقت موسم انتہائی خراب تھا اور سڑک بارش کے باعث پھسلن زدہ ہو چکی تھی، جبکہ تیز رفتاری بھی حادثے کی ایک ممکنہ وجہ قرار دی جا رہی ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، فائر بریگیڈ، پولیس اور دیگر ایمرجنسی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو بس سے نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترک حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی اور انتظامی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔



