کراچی سے موئن جو دڑو تک تہذیب، موسیقی اور روحانیت کا سفر، سفاری ٹرین آج روانہ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کی تہذیب، تاریخ اور روحانیت کو ایک منفرد سیاحتی تجربے میں سمیٹتے ہوئے محکمہ سیاحت و ثقافت سندھ نے تھر کے بعد موئن جو دڑو سفاری ٹرین شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سفاری ٹرین آج 31 جنوری کو سیاحوں کو لے کر کراچی سے روانہ ہوگی۔
یہ خصوصی سیاحتی ٹرین اپنے سفر کے دوران قلندر شہباز کی نگری سیہون شریف میں مختصر قیام کرے گی، جہاں سیاحوں کو درگاہ پر حاضری اور روحانی ماحول سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ سیہون کے پہاڑی علاقوں میں قائم دلکش ریلوے ٹریک سے گزرتی ہوئی ٹرین جب لاڑکانہ پہنچے گی تو سیاحوں کے لیے خصوصی میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔
اتوار کی صبح سیاح دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں شمار ہونے والے تاریخی مقام موئن جو دڑو کا تفصیلی دورہ کریں گے، جہاں انہیں سندھ کی عظیم تہذیبی وراثت سے روشناس کرایا جائے گا۔
سندھ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے تحت چلنے والی یہ سفاری ٹرین جدید بزنس کلاس بوگیوں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد سیاحوں کو آرام دہ، محفوظ اور یادگار سفر فراہم کرنا ہے۔
محکمہ ثقافت و سیاحت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے لاڑکانہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ سندھ کی تاریخ، ثقافتی شناخت اور روحانی ورثے کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔



