سرگودھا،سینئر صحافی ظفر محمود کیخلاف مبینہ جھوٹی ایف آئی آر پر صحافی سراپا احتجاج

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)سرگودھا پریس کلب کے سینئر ممبر ظفر محمود چوہدری کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں مبینہ طور پر جھوٹی، بے بنیاد اور من گھڑت ایف آئی آر کے اندراج کے خلاف سرگودھا کے صحافی سراپا احتجاج بن گئے۔ اس سلسلے میں صدرپریس کلب عبدالحنان چوہدری۔جنرل سیکرٹری شیخ محمدرضوان کی کال پر سرگودھا پریس کلب کے باہر ایک علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے میں ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کے عملے کی جانب سے صحافی بارے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے اورجھوٹے الزام لگانے پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پولیس اور ہسپتال انتظامیہ نے چوہدری ظفرمحمودکے ساتھ جو طرز عمل اختیار کیا، وہ صحافتی اقدار کے منافی اور قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔مقررین نے بتایا کہ پولیس اور سرگودھا پریس کلب کے درمیان باہمی تعاون اور ورکنگ ریلیشن شپ کا معاہدہ موجود ہے، اس کے باوجود ایک سینئر صحافی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج انتہائی افسوسناک اقدام ہے۔مقررین نے کہا کہ صحافی اپنی آزادی اور پیشہ ورانہ بقا کے لیے آخری حد تک لڑیں گے اور ایف آئی آر کے اخراج تک اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا: "اگر ڈی پی او سرگودھا کی جانب سے صحافی برادری کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری ازالہ نہ کیا گیا تو آئندہ کا سخت لائحۂ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔”احتجاجی مظاہرے سے صدرپریس کلب عبدالحنان چوہدری,جنرل سیکرٹری شیخ محمدرضوان۔ ملک محمد اصغر، عبدالصمدشاہین۔،شہزادشیرازی ،راناساجداقبال،اسرار وڑائچ،سلمان معظم،ملک کامران اور زوار کاظمی نے خطاب کیا۔ شرکاء نے "زندہ ہے صحافی، زندہ ہے” کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



