پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، عطا تارڑ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے \ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد آکر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت اسلام آباد میں امن و امان خراب کرنے والوں کو بھرپور طریقے سے روکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آج تک پی ٹی آئی کو پرامن احتجاج کرتے نہیں دیکھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت ہوش کے ناخن لے، بصورت دیگر ان کے بقول ایسا ردعمل سامنے آئے گا جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا کہ وہ امن و امان خراب کرسکتی ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں مذاکرات یا بات چیت کے لیے کس سے رابطہ کیا جائے، کیونکہ واضح نہیں کہ فیصلہ سازی کا اختیار کس کے پاس ہے۔

انہوں نے بیرسٹر گوہر کے حوالے سے بھی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں ان کی بات نہیں سنی جاتی۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جو دو تین افراد مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، ان کے پاس کوئی اختیار نہیں، اس لیے ان سے مذاکرات کا کوئی جواز یا فائدہ نہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات سے متعلق مؤقف پر اعتماد نہیں کرتی۔

مزید خبریں

Back to top button