سرگودھا میں چائلڈ نیورولوجی سمپوزیم کا انعقاد، بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر زور

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے) ڈویژن میں پہلی مرتبہ “چائلڈ نیورولوجی سمپوزیم” کامیابی سے منعقد کیا گیا، جس کا اہتمام سرگودہا میڈیکل کالج اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن سرگودہا کے تعاون سے کیا گیا۔ تاریخی اہمیت کے حامل اس سمپوزیم کی آرگنائزنگ کمیٹی کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد ارشد نے کی، جبکہ سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر عائشہ فواد نے سرانجام دیے۔سمپوزیم میں پنجاب بھر سے نامور ماہرینِ اطفال نے شرکت کی اور بچوں کی ذہنی نشوونما، گروتھ، ذہنی صحت اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ شرکاء میں وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر محمد مختار بھرتھ، ایم این اے ارم حامد حمید اور ایم پی اے رانا منور غوث بھی شامل تھے۔معروف ماہرین، جن میں پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، پروفیسر ڈاکٹر نذیر ملک، پروفیسر ڈاکٹر طاہر مسعود احمد، ڈاکٹر ارم جاوید، ڈاکٹر محمد عظیم اشفاق، ڈاکٹر محمد محبوب احمد اور ڈاکٹر محسن بندیال شامل ہیں، نے بچوں کی ذہنی صحت سے متعلق جدید تحقیق، علاج اور تھراپی کے جدید طریقۂ کار پر مفصل گفتگو کی۔ اس موقع پر پی پی اے پنجاب کی صدر پروفیسر ڈاکٹر حنا عائشہ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر بٹ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سمپوزیم کی اہم ترین سفارش حکومتِ پنجاب کے نام پیش کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ سرگودہا میں بھی لاہور اور ملتان کی طرز پر جدید چلڈرن اسپتال قائم کیا جائے تاکہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما اور پیچیدہ طبی مسائل کا بہتر اور جدید علاج ممکن ہو سکے۔شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ سمپوزیم سرگودھا میں بچوں کی صحت کے حوالے سے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل میں اس نوعیت کے مزید پروگرامز منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button