بدین: سندھ یونیورسٹی لاڑ کیمپس میں فارغ التحصیل نئے طلبا کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن /جانو ڈاٹ پی کے)سندھ یونیورسٹی لاڑ کیمپس بدین میں شعبہ اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس کی جانب سے فارغ التحصیل طلباء کو الوداعی اور نئی بینچ کے طلباء کے اعزاز میں استقبالیہ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فیکلٹی کے اراکین اور شعبے کے دیگر عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور اساتذہ کا استقبال پھولوں کے ہار اور گلدستوں کے ساتھ کیا گیا پروگرام کے دوران فارغ التحصیل طلبہ کو یادگاری شیلڈز سرٹیفیکیٹس اور تحائف پیش کیے گئے اساتذہ نے اپنے خطاب میں طلبہ کی محنت، کارکردگی اور خدمات کو سراہا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ طلبہ نے بھی اپنے چار سالہ تعلیمی سفر کلاس روم کے تجربات اساتذہ کی رہنمائی اور کیمپس کے ساتھ اپنی وابستگی کا جذباتی انداز میں اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقادر پاٹولی نے محنت ایمان داری وقت کی پابندی اور پیشہ ورانہ اصولوں کی اہمیت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں مقابلہ بہت سخت ہے اور کامیابی صرف انہی کو ملتی ہے جو سیکھنے آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں انہوں نے دعا کی کہ طلبہ مستقبل میں اپنے والدین اساتذہ اور وطن کا نام روشن کریں سال 2025 کے دوران شعبے کی کارکردگی اور سرگرمیوں کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ تعلیمی معیار بلند کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے۔ ان میں اسٹڈی ماک ٹیسٹس، کیرئیر کونسلنگ سیشنز، انٹرپرینیوریل گالا 2025، مختلف سیمینارز اور ورکشاپس، اور کراچی کا تعلیمی مطالعہ دورہ شامل تھے ان سرگرمیوں نے نہ صرف طلبہ کو جدید مارکیٹ رجحانات کیرئیر پلاننگ اور فیلڈ ایکسپوژر سے روشناس کرایا بلکہ ان کے اعتماد، پیشہ ورانہ مہارتوں اور قائدانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا ہیڈ آ ف فیکلٹی کا کہنا تھا کہ الوداعی اور استقبالیہ جیسی تقریبات نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہیں بلکہ یہ طلبہ کو ٹیم ورک، نظم و ضبط، سماجی میل جول اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل سیکھنے کے بہترین مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ شعبے نے امید ظاہر کی کہ طلبہ ان تجربات سے حاصل ہونے والی مہارتوں کو اپنی عملی زندگی اور مستقبل کے کیرئیر میں ضرور استعمال کریں گے۔



