ریاست مخالف یا مذہبی انتشار پیدا کرنے والی پوسٹیں شیئر کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر مٹیاری

صحافی اور نوجوان بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈے کی حوصلہ شکنی کرکے تعمیری سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، محمد یوسف شیخ کا اجلاس سے خطاب

ھالا (رپورٹ امجد راجپوت، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ صحافی اور نوجوان بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈے کی حوصلہ شکنی کرکے تعمیری سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وہ آج لطیف ہال مٹیاری میں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن و اصلاحات، سیاسی، سماجی اور معاشی سرگرمیوں میں عوامی شمولیت کو یقینی بنانا، غیر ملکی پناہ گزینوں کی واپسی، ناجائز تعمیرات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، این جی اوز، مساجد، پریس کلبوں، درگاہوں اور مدارس کی رجسٹریشن کے لیے این او سی کے زیر التواء کیسز کا جائزہ اور ان کا حل، غیر قانونی، غیر معیاری اور کم پیمانے پر فروخت کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی، روزمرہ استعمال کی اشیاء کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات، بجلی کی چوری کے سدباب اور بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی، بھکاری مافیا کے خلاف کارروائی، فینسی لائٹس، اسموکڈ شیشے، فینسی نمبر پلیٹس اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی سمیت ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد جیسے امور زیر غور آئے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا کہ ریاست مخالف یا مذہبی انتشار پیدا کرنے والی پوسٹیں شیئر کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا، کیونکہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور ہر شہری کو قانون کی پابندی کرنا ہوگی، جو امن و امان کے قیام اور مہذب معاشرے کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا شرپسند عناصر کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ غلط اور بے بنیاد خبروں کا مؤثر جواب دے اور بغیر تصدیق ایسی خبروں کو آگے بھیجنے سے گریز کرے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آج جن ایجنڈا پوائنٹس پر غور کیا گیا ہے ان پر لازمی عمل درآمد کرایا جائے گا۔

ایس ایس پی مٹیاری راؤ عارف اسلم نے کہا کہ ریاست مخالف کوئی قدم برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی برائیوں کا خاتمہ میڈیا اور سول سوسائٹی کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے ڈی آئی بی انچارج ذوالفقار لاشاری کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے، جن سے قریبی رابطہ رکھا جائے گا۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ایجنڈا کے مطابق اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ بریفنگ اور تجاویز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام محکمے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایک ہی پلیٹ فارم سے کام کریں، تاکہ اجلاس میں زیر غور آنے والے تمام ایجنڈا نکات پر موثر طور پر عمل درآمد میں آسانی ہو۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مٹیاری ڈاکٹر آصف حسین شاہ، انچارج اینٹی نارکوٹکس جاوید میمن، میڈیا نمائندگان، متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button